سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا، احسن اقبال

November 20, 2020

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کہتے ہیں کہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون پنجاب کا تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے شرکت کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ نون کی جانب سے پنجاب کے عہدیداروں کے نوٹیفکیشن جاری کیئے گئے، احسن اقبال نے پنجاب کی تنظیم سازی مکمل ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا ۔

مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے تنظیمی صورتِ حال اورکارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

احسن اقبال نے مسلم لیگ نون کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون پاکستان کی سب سے بڑی جماعت اور ترقی کی علامت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نون لیگ کا تنظیمی طور پر فعال ہونا سیاست اور پارٹی کےلیے سنگِ میل ثابت ہوگا، مسلم لیگ نون کی تحریک ہر پاکستانی کی آواز ہے۔

اس موقع پر مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناءاللّٰہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم فریضہ مکمل ہونے پر آج دلی سکون ملا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام عہدے دار اور کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، یہ تنظیمی ڈھانچہ ووٹ کو عزت دو کی تحریک میں ہر اوّل دستہ ثابت ہو گا۔