جمال خاشقجی قتل کے بعد اردوان اور شاہ سلمان کا پہلا رابطہ

November 22, 2020

جدہ (شاہد نعیم، جنگ نیوز) ترک صحافی جمال خاشقجی کےقتل کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سےپہلا رابطہ کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے مابین ٹیلیفونک رابطےمیں دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا۔ جس کے بعد دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔

رواں سال سعودی عرب کی میزبانی میں ہونیوالے جی 20 ورچوئل اجلاس سے قبل دونوں رہنمائوں نے جی20کانفرنس سے متعلق امور پربھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے سربراہان کے مابین باہم تعلقات کے فروغ اور استحکام پر بات چیت ہوئی۔ سعودی عرب اور ترکی کے تعلقات میں جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سے دراڑیں چلی آرہی ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے مقامی تاجروں پر ترکی سے تجارت نہ کرنے کیلئے دبائو ڈالے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں اور سرحد پر ترکی سے آئے تازہ پھل اور سبزیوں کے ٹرک بھی روک لئے گئے تھے۔

تاہم اب شاہ سلمان اور طیب اردوان کے مابین ٹیلیفونک رابطے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔