آئین کی بالادستی کیلئے جمہوری قوتوں کا ساتھ دینگے‘وکلاءرہنما

November 24, 2020

کوئٹہ ( آئی این پی ) بلوچستان کی وکلاء تنظیموں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ وکلاء کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری اوراصولوںپر سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا ، وکلاء برادری جمہوری جدوجہد کے لئے جمہوری قوتوں کا ساتھ دے گی ۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب ارکان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اقبال کاسی ایڈووکیٹ ، ممبر بار کونسل سلیم لاشاری ایڈووکیٹ، نصیب اللہ ترین ایڈووکیٹ ، چیئرمین آصف بلوچ ایڈووکیٹ،جمیل رمضان ایڈووکیٹ اور مجید دمڑ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وکلاء نے ہمیشہ جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کیا ،بلوچستان کے وکلاء نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ عدلیہ کی آزادی کے لئے انہوںنے خون کے نذرانے دیئے ۔ آج اگر ملک میں وکلاء کی قربانیوںکا ذکر کیا جا تا ہے توان میںبلو چستان اور کوئٹہ کے وکلاء کی قربانیوں سب سے نما یاں ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کیا جا ئے کیونکہ یہاں کے عوام مختلف مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ کوئٹہ کے وکلاء باز محمد شہید ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء کے ارمانوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں بلکہ سانحہ 8اگست کے شہداء اور ان کے مشن کو کبھی ادھورا نہیں چھوڑا جا ئے گا۔