جی بی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا

November 26, 2020


گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیےصبح 10 بجے سے دوپہر ڈیرھ بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا ہے جبکہ جی بی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے آج شام 4 بجے پولنگ ہوگی۔

ترجمان جی بی اسمبلی کے مطابق اسمبلی کے نومنتخب ارکان ووٹ کے ذریعے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کریں گے اور پولنگ کے اختتام پر موجودہ اسپیکر فدا محمد ناشاد نومنتخب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا اعلان کریں گے۔

جی بی اسمبلی کے ترجمان نے بتایا کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کردیا ہے جبکہ حکمران جماعت پی ٹی آئی تینوں اہم عہدوں کے لیے ابھی تک اپنے امیدوار سامنے نہیں لائی۔