اورنگی ٹاؤن، مہندی کے کارخانہ میں آگ، 3 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق

November 28, 2020

کراچی( اسٹاف پورٹر)اورنگی ٹائون میں مہندی کے کارخانے میں آ گ کے نتیجے میں تین افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4قباء مسجد کے قریب مہندی کے کارخانہ میں جمعہ کی علی الصباح اچانک دو منزلہ عمارت کے گرائونڈ فلور پر آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسرے فلورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع پر پولیس ،فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں اور ریسکیو ادارے کےرضاکارموقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوششیں شروع کیں اور کافی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا اور وہاں موجود تین افراد کی لاشوں کو نکال کر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا،ایس ایچ او بدر الزمان کے مطابق کارخانہ رہائشی علاقے میں قائم،گرائونڈ فلور پر کام کرنے والے تین مزدور سوئے ہوئے تھے،آگ لگنے کے باعث دھواں پھیلا جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے تینوں کی موت واقع ہوئی،جاں بحق افراد کی شناخت اکرم ، شاہد اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے ،ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔