کرسمس پرلاک ڈائون میں نرمی کی جائے گی،آئرش حکومت

November 28, 2020

ڈبلن( معراج عابد) آئرش حکومت کا کرسمس کیلئے کوویڈ19 کے حوالے سے ملک میں جاری لاک ڈائون میں نرمی کا ارادہ،ہول سیل، ریٹیل،باربر شاپ، ریسٹورنٹ،گیسٹرو پب کو کنٹرول فضا میں کھولنے کا فیصلہ، 90000 افراد وبائی مرض کی مد میں لی جانے والی امداد سے نکل کردوبارہ برسرروزگار ہوسکیں گے ، این پی ایج ای ٹی نے کوویڈ19 لیول 5 میں نرمی کرنے کےحوالے سے حکومت کواپنی گزارشات دے دی ہیں جن پر حکومتی کوویڈ19 سب کمیٹی اپنے اجلاس میں غور کرے گی تاہم حتمی فیصلہ حکومت میں شامل تینوں پارٹی رہنمائوں کی موجودگی میں آئرش وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا، میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کوویڈ19 کےحوالے سے 22اکتوبر سے ملک میں جاری لاک ڈائون میں کرسمس کے باعث عوام کو ریلیف دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا اظہار حکومتی وزیراپنے بیانات میں کرچکےہیں مگر اس کا انحصار قومی پبلک ہیلتھ ایمرجنسی ٹیم کی گزارشات کی روشنی میں کیا جائے گا، اب جب کہ این پی ایج ای ٹی نے اپنی گزارشات حکومت کو ارسال کردی ہیں اور حکومتی سب کمیٹی ان پرغور کررہی ہیں جس کے مطابق کوویڈ 19 لیول 5 کو کچھ تبدیلیوں کے بعد لیول 3 میں تبدیل کردیا جائے گا جس کے بعدمخصوص شاپس کو ایس او پیز کے مطابق کھولا جائے گا، گھروں میں وزٹ کو دو ہفتوں کے لیے نرم کیے جانے کاامکان ہے اور تین گھروں کے افراد اکٹھے ہوسکتے ہیں، سفر کی پابندیوں کو بھی نرم کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے اور کرسمس کے دو ہفتوں کے دوران اپنی کائونٹی سے باہر جانے کی اجازت دی جاسکتی ہے مگر شمالی آئرلینڈ کا بارڈر کراس کرنے پر پابندی رہ سکتی ہے، آئرش وزیراعظم مائیکل مارٹن نے اپنی پارلیمان کو بتایا ہےکہ ان کا ارادہ ہے کہ ملک کو کوویڈ کی سطح 3 پر لایا جائے اور گرجا گھروں کو دوبارہ کھولا جائے تاہم تمام بڑی کرسمس پارٹیوں پر پابندی ہوگی، اس لیے بڑی کمپنیز اِن لائن پارٹیوں کا پلان ترتیب دے رہی ہیں۔