پانی کی شدید قلت، شہری ٹینکرمافیا کے رحم وکرم پر ہیں،پشتونخوامیپ

November 29, 2020

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی بیان میں محکمہ واسا گوالمنڈی ڈویژن کی جانب سے کواری روڈ، زمان روڈ ، ملک جان محمد کاسی روڈ ، ملک فقیر محمد کاسی روڈ ودیگر ملحقہ علاقوں وگلیوں میں پانی کی مسلسل کئی روز سے بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے اور شہری ٹینکرز مافیا کے رحم وکرم پر ہیں جو منہ مانگے 1500سے 2000تک پانی کی قیمت فی ٹینکر وصول کررہے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واسا اور ٹینکرز مافیا کی ملی بھگت سے مذکورہ بالا علاقوں میں پانی کی بندش کی گئی ہے جب بھی واسا حکام سے بات چیت کی جاتی ہے تو طفل تسلی سے کام لیکر یقین دہانی کراتے ہیں کہ شام کو پانی آجائیگا لیکن رات کو نہ پانی آتا ہے اور نہ ہی پھر حکام اور وال مین وغیرہ دفتر میں موجود ہوتے ہیں۔ جبکہ زمان روڈ ، ابراہیم اسٹریٹ ، کواری روڈ کے پانی کے آنے کے عین وقت ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع ہوجاتی ہے ایک روز چھوڑ کر اگلے روز آدھا گھنٹہ پانی گھروں کو دیا جاتا ہے اس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ عین وقت قابل مذمت ہے ۔ واسا اور کیسکو اوقات کار کے حوالے سے فیصلہ کرکے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے وال مین ودیگر کی جانب سے ٹیوب ویل خراب ہونے کا بہانہ کیا جارہا ہے اور مذکورہ بالا تمام علاقوں میں پانی کی بوند بوند کو شہری ترس رہے ہیں ۔ ہر مہینے اور ہر ہفتے میں ٹیوب کی خرابی ،ٹرانسفامرز کے جلنے ودیگر حیلے بہانے سے کام لیکر شہریوں کو جان بوجھ کر پانی کی فراہمی نہیں کی جاتی حالانکہ تمام لوگ ہر مہینے باقاعدگی سے بل جمع کراتے ہیں اس کے باوجود شہر کے مین وسط کے شہریوں کو پانی میسر نہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفور مذکورہ بالا تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بروقت اور بجلی کی فراہمی کے وقت پانی کی فراہمی کو درست پریشر کے ساتھ یقینی بنائی جائیں اور شہریوں ، مکینوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائیں۔