کیا نیا سیارہ دوسری زمین ہے؟

November 30, 2020

ماہرین فلکیات خلا میں تحقیقات کرکے نت نئی انکشافات کررہے ہیں ۔ماہرین نے نظام شمسی سے دور زمین جیسے کسی اور سیارے کو دریافت کیا ہے ۔یہ اب تک کا سب سے مضبوط سیارہ ہے جو اپنی جسامت اور کمیت میں بالکل ہماری زمین جیسا ہے ،اس کے علاوہ یہ اپنے ستارے سےٹھیک اتنے فاصلے پر گردش کر رہا ہے کہ جووہاں زندگی کی موجودگی کے لیے ضروری ہے ۔اس سیارے کو ’’ٹی او آئی 700 ڈی ‘‘ (TOI-700d ) کانام دیا گیا ہے۔

زمین سے 102 نوری سال دوری پر واقع ہے اور اسے ’’ٹرانزئٹنگ ایگزوپلینٹ سروے سیٹلا ئٹ ‘‘(TESS) خلائی مشن کا ڈیٹا نکالنے کے بعد دریافت کیا گیا ہے ۔ماہرین کے مطابق یہ اب تک ہمارے نظامِ شمسی سے باہر دریافت ہونے والے تمام سیاروں میں زمین سے مماثل ترین سیارہ ہے؛ یعنی اپنی کمیت اور جسامت کے لحاظ سے یہ بالکل زمین جیسا ہے۔

اس کے مرکزی ستارے کا نام ’’ٹی او آئی 700 اے‘‘ (TOI-700a)۔ یہ ایک ’’بونا ستارہ‘‘ ہے جو اپنا عہدِ شباب گزارنے کے بعد خاصا مدھم پڑ چکا ہے جب کہ اس کا درجۂ حرارت بھی ہمارے سورج کے مقابلے میں کم ہے۔یہی وجہ ہے کہ اس کے گرد ’’زندگی کےلیے سازگار علاقہ‘‘ (Habitable Zone) بھی اس سے خاصے کم فاصلے پر واقع ہے اور ’’ٹی او آئی 700 ڈی‘‘ اسی علاقے میں گردش کررہا ہے۔ماہرین یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ کیا وہاں بھی مائع حالت میں پانی موجود ہے ؟

کیا اس سیارے میں بھی زندگی کاوجود ہے ؟فی الحال اس کام کے لیے کوئی خلائی دوربین نہیں ہے جو اتنی دور کسی سیارے کے کرہ فضائی اور مائع حالت میں پانی کی موجودگی کے بارے میں دریافت کر سکے ۔