اپوزیشن ملک کی ترقی کے عمل کو روکنے میں مصروف ہے،راجہ بشارت

November 30, 2020

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت تاجر برادری اور تجارت کے فروغ کے لیے وزیراعظم کی قیادت میں دن رات کوشاں ہیں۔ اپوزیشن کی توجہ صرف اپنی کرپشن بچانے اور ملک کی ترقی کے عمل کو روکنے میں مصروف ہے،وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت سے ایم این اے طاہر اقبال چودھری نے ملاقات کی۔ نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس زاہد اقبال چودھری، پاکستان کاسمیٹکس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے رہنما اور صدر وہاڑی چیمبر آف کامرس حافظ محمود احمد شاد، محمد سرور، چودھری محمد عثمان، سجاد امین چودھری اور خورشید انور شامل تھے۔ ملاقات میں ایم این اے طاہر اقبال نے پنجاب میں ریکارڈ قانون سازی پر وزیر قانون کو مبارکباد دی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت پنجاب کاسمیٹکس مصنوعات کے حوالے سے قانون سازی میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور پی سی ایم اے سے مشاورت کرے گی۔ وزیراعظم دن رات ملکی معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد انتہائی ضروری ہے۔