ٹرمپ اپنے حامیوں کو لگام ڈالیں، جارجیا الیکشن کمیشن

December 03, 2020

امریکی ریاست جارجیا الیکشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیدار صدر ٹرمپ اور ری پبلکن سینیٹرز پر برس پڑے کہا اپنے حامیوں کو لگام ڈالیں اور دھمکی آمیز بیانیے کو ختم کریں۔

اٹلانٹا میں نیوز کانفرنس کے دوران الیکشن کمیشن کے عہدیدار Gabriel Sterling غصے میں آگئے، انہوں نے ٹرمپ حامیوں کے الیکشن منتظمین کے خلاف دھمکی آمیز رویہ پر صدر ٹرمپ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے سینیٹرز نے ایسے الفاظ و بیان کی مذمت تک نہیں کی، یہ سب اب رُکنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کے سینیٹرز اگر قائدانہ حیثیت چاہتے ہیں تو اس صلاحیت کا مظاہرہ بھی دکھائیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کے حامی صدارتی الیکشن نتائج ماننے سے انکاری ہیں اور ووٹوں کی گنتی میں دھاندلی کے الزامات پر مسلسل سخت مؤقف پر قائم ہیں۔