فردوس باجی کو تعویز گنڈوں سے درجۂ چہارم کی نوکری ملی: عظمیٰ بخاری

December 12, 2020


مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ فردوس باجی آپ کو تعویز گنڈوں کی بدولت دوبارہ درجۂ چہارم کی نوکری ملی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ راجکماری عوام کے دلوں پر راج کرتی ہے، اس پر ہمیں فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا اپنا مقدر ہے، سیلیکٹڈ کے مقدر میں بد دعائیں ہیں، تبدیلی مسافر خانہ، بنی گالہ، لنگر خانہ سے ہوتی ہوئی پناہ گاہ تک آ گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا ہے کہ چوں چوں کا مربہ پارٹی اور مانگے تانگے کی حکومت کا شیرازہ بکھرنے والا ہے، مسلم لیگ نون کے ساتھ آج بھی وفاقی اور صوبائی وزراء رابطے میں ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ نون پنجاب نے یہ بھی کہا کہ حکومتی صفوں میں موجود باضمیر افراد بھی جھوٹے خان کی دوغلی پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔