قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ن لیگ کے 2 ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا

December 24, 2020



قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے دو ارکان اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد ساجد کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری اعلامئے کے مطابق دونوں ارکان اسمبلی نے 14 دسمبر کو استعفے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجے تھے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ارکان کو ان استعفوں کی تصدیق کے لیے اب بلایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ مسلم لیگ ن کے کچھ رہنماؤں نے اپنے استعفے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروادیئے ہیں ، تاہم ن لیگ نے اس کی تر دید کردی ہے ۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی رہنماؤں کے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے جمع کروانے کی تردید کردی ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مرتضی جاوید عباسی اور محمد سجاد کے اسپیکر قومی اسمبلی کو براہ راست استعفے جمع کروانے کی خبر غلط ہے ۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی کے صوبائی صدر کو جمع کروائے تھے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ن لیگ کے 2 ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا

مریم اورنگزیب نے کہا کہ امیر مقام نے یہ استعفے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کو بھجوادئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ارکان کے براہ راست اسپیکر قومی اسمبلی کو استعفے دینے اور انہیں تصدیق کے لیے بلانے کی خبر حقائق کے برعکس ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ پارٹی کی مرکزی ترجمان سے تصدیق کے بغیر ایسی خبریں نہ چلائی جائیں۔