اپوزیشن اتحاد آخری سانسیں لے رہا ہے، فیصل جاوید کا دعویٰ

December 25, 2020

حکمران جماعت پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آخری سانسیں لے رہا ہے۔

راولپنڈی آرٹس کونسل میں قائد اعظم ڈے کی تقریب سے خطاب میں فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن نے استعفے دینے ہیں تو31 دسمبر تک دے دیں تاکہ نیا سال واقعی نیو ائیر بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنے لوگوں کو استعفے دینے کی دھمکیاں دے رہی ہیں، کہتی ہیں استعفے نا دیئے تو ان اراکین اسمبلی کے گھروں کا گھیراؤ کریں گے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنے خلاف نیب ریفرنس ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے، پی ڈی ایم کو آج این آر او دے دیں تو یہ تحریک ختم ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے نیب کی 38 میں سے 34 شقوں کو تبدیل کرنے کا کہا تھا، پی پی پی اور ن لیگ نے لکھ کردیا کہ عوامی مفادکی قانون سازی میں ساتھ دیں گے۔

فیصل جاوید نے یہ بھی کہا کہ مریم نواز کہتی تھی کہ میری باہر کیا ملک بھی کوئی جائیداد نہیں وہ دو فلیٹس کی مالکن ثابت ہوگئیں، لندن فلیٹس اور این آر او سے متعلق کوئی بات نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان جو کر رہے ہیں وہ سب قوم کیلئے ہے۔