رکشہ سوار لڑکی سے زیادتی، توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع

January 01, 2021

پنجاب کے شہر شیخوپورہ کے علاقے فاروق آباد میں رکشہ سوار فیملی سے واردات اور لڑکی سے مبینہ زیادتی پر ایم پی اے زہرا نقوی نے توجہ دلاؤ نوٹس پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنِ صوبائی اسمبلی زہرا نقوی کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائے گئے توجہ دلاؤ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ فاروق آباد کے علاقے فتح پور کے قریب 3 ڈاکوؤں نے فیملی کو لوٹا۔

توجہ دلاؤ نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکوؤں نے رکشہ سوار فیملی کو رسیوں سے باندھ کر ان کی 17 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

توجہ دلاؤ نوٹس کے متن میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کے ذمے دار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کیا اقدامات کیئے گئے؟ یہ ایوان کو بتایا جائے۔


واضح رہے کہ 2 روز قبل پنجاب کے شہر شیخو پورہ میں سرگودھا روڈ پر فتح پور موٹر وے پل کے قریب رات گئے رکشہ سوار فیملی کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا تھا، ورثاء کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہیں اغواء کرنے والے ملزمان نے ان کی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔