پنجاب کے شہر شیخو پورہ میں سرگودھا روڈ پر فتح پور موٹر وے پل کے قریب رات گئے رکشہ سوار فیملی کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا جس کے دورانِ ورثاء نے 18 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
شیخوپورہ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رکشے میں 5 مرد اور 2 خواتین سوار تھیں۔
ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ 3 مسلح ملزمان نے رکشے کو روک کر 18 سالہ لڑکی کو اتارا، جبکہ 2 ملزمان نے لڑکی کو کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ڈی ایچ کیو کے ڈاکٹر امان اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مبینہ زیادتی کا نشانہ بننے والی مذکورہ لڑکی کا ڈی ایچ کیو اسپتال میں میڈیکل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ زیادتی کے کوئی آثار نظر نہیں آئے ہیں، نمونے مزید تحقیق کے لیے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او شیخو پورہ غلام مبشر میکن اسپتال پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی کارروائی کی جائے گی۔