شوبز چھوڑنے پر لگا تھا فن کے بغیر مرجاؤں گی، رابی پیرزادہ

January 03, 2021

سال 2019 میں شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ کہتی ہیں کہ جب اُنہوں نے گلوکاری چھوڑی تھی تو اُس وقت اُنہیں لگا تھا کہ وہ فن کے بغیر مرجائیں گی۔

شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے والی رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی دو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ مصوری کرنے میں مصروف ہیں۔

رابی پیرزادہ نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’جب میں نے گلوکاری خیرباد کہا تھا تو مجھے ایسا لگا تھا کہ میں فن کے بغیر مرجاؤں گی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی بھلائی اور دین کی خاطر شوبز چھوڑا تھا لہٰذا میں نے اس خوف کے باوجود بھی پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھا۔‘

سابقہ گلوکارہ نے کہا کہ ’مجھے یقین تھا کہ اللّہ تعالیٰ نے میرے لیے بہتر اور بڑے منصوبے بنائے ہیں۔‘

رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’آج میں اللّہ کے فضل سے مصوری کے اپنے فن کے ذریعے دُنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کر رہی ہوں۔‘

واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔

رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں اللّہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی طلب کی تھی اور ساتھ ہی لکھا تھا کہ اللّہ اُن کے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔

اپنے پیغام کے آخر میں رابی پیرزادہ نے لکھا تھا کہ ’اللّه پاک جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘