گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ کُھلے آسمان تلے مصوری کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔
شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ کر اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے والی رابی پیرزادہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ کُھلے آسمان تلے مصوری کرتی نظر آرہی ہیں۔
رابی پیرزادہ نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کے گھر صبح سے بجلی نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ مجبوراََ کُھلے آسمان تلے مصوری کررہی ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’آج گھر سے باہر مصوری کرتے ہوئے احساس ہوا کہ اگر اللّہ تعالیٰ ہمیں سورج کی روشنی، گرمی، ہوا اور آکسیجن کا بل بھیج دیتے تو ہم کیا کرتے۔‘
رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹ میں قرآن پاک کی آیت ترجمے کے ساتھ بھی لکھی:
اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے
واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو اپنا ذریعۂ معاش بنالیا ہے، اس کے علاوہ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی نظر آتی ہیں۔
اس حوالے سے رابی پیرزادہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اعلان کیا تھا کہ وہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں اللّہ سے اپنے گناہوں کی معافی بھی طلب کی تھی اور ساتھ ہی لکھا تھا کہ اللّہ اُن کے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔
اپنے پیغام کے آخر میں رابی پیرزادہ نے لکھا تھا کہ ’اللّه پاک جسے چاہے عزت دے اور جسے چاہے ذلت دے۔‘