گوہر خان اور زید دربار کی ٹک ٹاک ویڈیو مقبول

January 05, 2021

بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن کی فاتح ماڈل اور اداکارہ گوہر خان اور اُن کے شوہر زید دربار کی ٹک ٹاک ویڈیو انٹرنیٹ پر مقبول ہوگئی۔

گزشتہ سال 25 دسمبر کو معروف بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل گوہر خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والے ٹاک ٹاکر زید دربار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اہلیہ کے ہمراہ بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کی ہے۔


زید دربار کی جانب سے شیئر کی جانے والی ٹک ٹاک ویڈیو میں وہ اور گوہر خان سڑک پر موجود ہیں اور دونوں میاں بیوی مغربی لباس یعنی جینز اور شرٹ میں ملبوس ہیں۔

گوہر خان اور زید دربار نے شادی کے بعد اپنی پہلی ٹک ٹاک ویڈیو بالی ووڈ فلم ’بھاگ جونی‘ کے مقبول ترین گانے ’ماہیا میرے ماہی‘ پر بنائی ہے۔

مذکورہ ٹک ٹاک ویڈیو میں زید دربار بڑی ہی خوبصورتی سے گوہر خان سے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

زید دربار نے ویڈیو کے کیپشن میں گوہر خان سے مخاطب ہوکر لکھا ’جانیا دل جانی۔‘

اُنہوں نے صارفین سے پوچھا کہ ’آپ بتائیں میں اور گوہر کتنے عرصے سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں؟‘

زید دربار کے سوال پر کچھ نے 6 ماہ کہا، کچھ نے 8 ماہ کہا اور کچھ صارفین نے کہا کہ آپ دونوں 9 ماہ سے ایک دوسرے کو جانتے ہو۔

گوہر خان اور زید دربار کی اس ٹک ٹاک ویڈیو کو صارفین اس قدر پسند کر رہے ہیں کہ اب تک دو لاکھ 25 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں۔

خیال رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ گوہر خان اور زید دربار سال 2020 میں جمعتہ المبارک کے موقع پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

اس جوڑے نے بعد نمازِ جمعہ ممبئی میں رشتہ داروں اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں نکاح کیا تھا۔