’ارطغرل غازی‘ کی کاسٹ کی پاکستان آمد، عمران خان کی ملاقات

January 08, 2021


وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی آئی معروف ترک ڈارمہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کی بانی ٹیم سے ملاقات کی، ملاقات میں عمران خان نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری پر زور ديا کہ مغرب سے متاثر نوجوان نسل کو اپنی اصل ثقافت سے روشناس کرايا جائے۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر شہر یار آفریدی سمیت پاک ترک فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں تحریکِ خلافت کے مشہور کرداد ترک لالہ پر پاک ترک اشتراک سے مجوزہ ٹیلی ویژن سیریز پر تبادلہ خيال کیا گیا ۔

وزيراعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ برصغیرمیں مسلمانوں کا دور سنہری تھا مگر افسوس کہ نوجوان نسل کو اس بارے ميں کچھ علم ہی نہیں، اس سنہری دور پر فلم اور ڈرامہ بنا کر مخالفين کا پراپيگینڈا ناکام بنایا جائے۔

شہریار آفریدی نے اجلاس کو ترک لالہ کے تحریک خلافت کیلئےاہم کردار اور ترکی میں ان کی اہمیت پر آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے 80 کی دہائی تک پوری دنیا میں اپنی پہچان آپ تھے، برصغیرمیں مسلمانوں کےسنہری دور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

کمال تیکدین نے وزیراعظم عمران خان کا پاکستان میں ترک ڈراموں کونشر کرنےکا اقدام قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ عمران خان اور ترک صدر اردوان کا ویژن ایک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے تاریخ اور اپنی ثقافت سے آگاہی ہونا ضروری ہے،ہر سال30 جون کو ترکی میں ترک لالہ کے احترام میں ان کا قومی دن منایا جاتا ہے۔

کمال تیکدین کا کہنا تھا کہ ترک لالہ پر بننےوالی ٹیلی ویژن سیریز نہ صرف تحریک خلافت کے بارے نوجوانوں کو آگاہی دے گی بلکہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات میں نئے باب کا اضافہ کرے گی۔