چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ کی عدم پیشی پر عدالت برہم

January 13, 2021

ڈینیئل پرل قتل کیس میں بریت کے باوجود ملزمان کی رہائی نہ ہونے کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت کے دوران چیف سیکریٹری سندھ و سیکریٹری داخلہ کی عدم پیشی پر سندھ ہائی کورٹ نے اظہارِ برہمی کیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل حسن سہتو اور اسپیشل سیکریٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری داخلہ کی عدم پیشی پر عدالت برہم ہو گئی۔

فوکل پرسن نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری داخلہ راستے میں ہیں۔

جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپھوٹو نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا سیکریٹری داخلہ سندھ دیر سے اٹھتے ہیں؟ ہم ابھی چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری داخلہ کے وارنٹ جاری کر دیتے ہیں، ان کو معلوم نہیں کہ ان کے خلاف توہینِ عدالت کا کیس چل رہا ہے؟

عدالتِ عالیہ نے چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری داخلہ کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے 20 جنوری کو فریقین سے جواب طلب کر لیا۔


پراسیکیوٹر اقبال اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ڈینیئل پرل کیس کی اپیل سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور پراسیکیوٹر جنرل سندھ سپریم کورٹ اسلام آباد میں مصروف ہیں، جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔

واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ڈینیئل پرل کیس کے ملزمان کی نظر بندی کالعدم قرار دی تھی۔

درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمر شیخ سمیت 4 ملزمان کو رہا نہیں کیا جا رہا، چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور دیگر کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔