موریسنز اپریل سے ورکرز کو 10 پونڈ فی گھنٹہ معاوضہ دے گی

January 15, 2021

لندن (پی اے) موریسنز اپریل سے کم از کم 10 پونڈ فی گھنٹہ معاوضہ دینے والی برطانیہ کی پہلی سپر مارکیٹ بن جائے گی۔ اس سے 96000 ورکرز کی کم از کم اجرت 9.20 پونڈ سے بڑھ جائےگی۔ ریٹیل ٹریڈ یونین اسڈا نے بنیادی ریٹ 10 پونڈ فی گھنٹہ پر بات کی تھی جو کہ والنٹیری لیونگ ویج فائونڈیشن ریٹ سے 50 پی فی گھنٹہ زیادہ ہے۔ اسڈا کی نیشنل آفیسر یوان میک گینس نے کہا کہ یہ نیا مستحکم فی گھنٹہ ریٹ اب بڑی سپر مارکیٹس کا لیڈنگ ریٹ ہے۔ موریسنز کا کہنا ہے کہ اس کے کارکنوں کی اکثریت کی تنخواہ میں 9 فیصد اضافہ ہوگا۔ اضافے کے حصے کے نتیجے میں کمپنی کی سالانہ بونس سکیم کو صوابدیدی سالانہ پے منٹ سے کارکنوں کے فی گھنٹہ ریٹ میں ضمانت میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اس اضافے کی وجہ سے ہفتے میں 36.75 گھنٹے کام کرنے والے کسی بھی ورکر کی ہفتہ وار تنخواہ 330.10 پونڈ سے بڑھ کر 367.50 پونڈ ہو جائے گی۔ یونین کے ارکان کی جانب سے ابھی اس ڈیل کی ثوثیق کی ضرورت ہے۔ میک گینس نے کہا کہ اگر اس ڈیل کو منظور کر لیا گیا تو نتیجے کا اعلان 12 فروری کو کر دیا جائے گا۔ جس کے نتیجے میں 5 اپریل 2021 سے نئے ریٹس کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پینڈامک کے انتہائی مشکل ماحول میں فوڈ ریٹیل سٹاف نے کام کیا ہے جو کہ انتہائی سخت رہا ہے۔ انہوں نے قوم کو خوراک کی فراہمی برقرار رکھنے کیلئے اہم سروس انجام دی ہے اور وہ ہماری سپورٹ، احترام اور خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ معقول تنخواہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں اور ہماری یہ آفر ایک خوش آئند اضافہ ہے۔ تنخواہ میں فی گھنٹہ اضافے کے علاوہ موریسنز لندن میںزیادہ ویٹنگ ریٹ ادا کرے گی۔ انر لندن کیلئے ریٹس 85 پی اور آئوٹر لندن کیلئے 60 پی فی گھنٹہ جو کہ پہلے بالترتیب 75 پی اور 50 پی تھے۔ موریسنز کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ پوٹس نے کہا کہ یہ اضافہ ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ اضافہ ملک بھر میں ہمارے ساتھیوں کے ناقابل یقین حد تک اہم کام پر انعام کیلئے ایک اور قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔