• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت، مراسلہ ارسال

فائل فوٹو
فائل فوٹو

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں پتنگ بازی کی ممانعت سے متعلق قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔ 

محکمہ داخلہ نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کردیا، جس میں حکومتِ پنجاب نے بعض علاقوں میں غیرقانونی پتنگ بازی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 

محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں کائٹ فلائنگ ریگولیشنز بل 2025 کے تحت پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا کہ پنجاب کابینہ نے صرف 6، 7 اور 8 فروری کو لاہور میں محدود پیمانے پر بسنت منانے کی اجازت دی ہے، جبکہ مقررہ تاریخ سے قبل یا بعد کسی بھی مقام پر پتنگ سازی یا پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق غیرقانونی پتنگ بازی انسانی جانوں اور عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں راہگیروں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہو چکے ہیں، جو نہایت تشویشناک ہیں۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ بننے والی پتنگ بازی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، تمام کارروائیاں کائٹ فلائنگ ریگولیشنز بل 2025 کے مطابق کی جائیں اور حکومتی اجازت کے بغیر پتنگ سازی اور پتنگ بازی کو مکمل طور پر غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے اپنی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو ارسال کریں۔

قومی خبریں سے مزید