پاکستانی کرکٹرز کے بعد اب بنگلادیشی کرکٹرز بھی بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کے تعصب کا نشانہ بننے لگے۔
ایک انتہا پسند ہندو کارکن نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرینچائز کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک و بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو دھمکی دی ہے کہ اگر بنگلادیشی کرکٹرز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت کرتے ہیں تو انہیں مارا پیٹا جائے گا۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر وائرل ویڈیو میں انتہا پسند ہندو کارکن کو میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ اگر بنگلادیشی کھلاڑی آئی پی ایل میں کھیلنے آئے تو ہم ان کو ماریں گے اور شاہ رخ خان اگر اپنی ٹیم میں کسی بنگلادیشی کھلاڑی کو کھیلنے دیتے ہیں تو ان کو بھی ماریں گے۔
انتہا پسند ہندو کارکن نے کہا کہ ہمیں ہلکے میں مت لینا کیونکہ سنجے لیلا بھنسالی جو بھارت کی سب سے بڑے بجٹ کی فلمیں بناتے ہیں ہم نے تو ان کو بھی فلم ’پدماوت‘ میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر 8 گھنٹے مسلسل مارا تھا۔
یاد رہے کہ 16 دسمبر کو ابوظبی میں منعقدہ آئی پی ایل 2026ء کی نیلامی میں مستفیض الرحمٰن واحد بنگلادیشی کھلاڑی ہیں جنہیں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے 9.2 کروڑ روپے میں خریدا۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت اور بنگلادیش کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔