پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ کیا، حافظ نعیم الرحمٰن

January 16, 2021

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے،پی ٹی آئی نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔مردم شماری پر اگر ایم کیوایم کو تحفظات ہیں تو حکومت سے علیحدہ کیوں نہیں ہو جاتی، کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافے پر ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے خاموشی کیوں اختیار کی۔ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر ظلم ہے۔جماعت اسلامی‘کراچی کے عوام کے ساتھ ہے، حقوق کراچی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے اسی سلسلے میں ہفتے کو ڈسٹرکٹ سینٹرل میں شام 5بجے احتجاجی مارچ کیا جائے گا جس کے بعد دھرنا دیا جائے گا۔اتوار کو الٰہ دین پارک کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت نرسری بس اسٹاپ،شاہراہ فیصل پر احتجاجی مظاہرے ودھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ،جنید مکاتی، نجیب ایوبی، ہاشم یوسف ابدالی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کے معاملے میں بھی تمام جماعتیں ایک ہیں۔ کوئی کے الیکٹرک کے خلاف بات نہیں کرتا۔پیپلز پارٹی 13سال سے صوبے میں حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی کو آج تک اس کا حق نہیں دیا، ایم کیو ایم نے کراچی کے عوام کو سہانے خواب دکھائے ووٹ حاصل کیے اور سب سے زیادہ کراچی کو ہی تباہ و برباد کیا۔ حکمرانوں کو عوامی مسائل اور مشکلات سے کوئی سرو کار نہیں ہے اسی لیے گیس بند کی جارہی ہے،بجلی کی فراہمی معطل کی جا رہی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں مستقل اضافہ کیا جارہا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں،کراچی میٹروپولیٹن سٹی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ یہاں پبلک ٹرانسپورٹ تک موجود نہیں۔