کراچی میں بجلی کی بندش کا بدترین سلسلہ جاری

January 21, 2021

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، متعدد علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔

ملیر، غریب آباد، معین آباد، جعفر طیار سوسائٹی میں ساڑھے 7 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ مہران گوٹھ، کاٹھور، لیاقت مارکیٹ و دیگر علاقوں میں بھی ساڑھے 7 گھنٹوں کی بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

اسی طرح کورنگی، لانڈھی، گلشن معمار، لیاقت آباد، ایف سی ایریا میں 3 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، گڈاپ، بلدیہ ٹاؤن، سعید آباد، بنارس، منظور کالونی، اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 3 سے 6 گھنٹے پر محیط ہے۔

ذرائع کے-الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی میں بجلی کی طلب 1700 میگاواٹ ہے، جبکہ اسے نیشنل گرڈ سے 800 میگاواٹ اور دیگر تمام ذرائع سے 400 میگاواٹ بجلی بجلی مل رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ شہر میں 500 میگاواٹ کی کمی لوڈشیڈنگ سے پوری کی جارہی ہے۔