حیدرآباد کی سرکاری جامعہ کیلئے تین امیدواروں کا انتخاب

January 22, 2021

کراچی (سید محمد عسکری) وائس چانسلرز کے تقرر کے لئے قائم تلاش کمیٹی نے حیدرآباد کی پہلی سرکاری جامعہ گورنمنٹ کالج حیدرآباد یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 3 امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے جن میں اوّل نمبر پر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف، دوئم پر ڈاکٹر حفیظ الرحمان میمن اور سوئم پر ڈاکٹر پروین منشی رہیں تلاش کمیٹی نے 17 ؍ امیدواروں کو انٹرویو کے لیئے بلایا تھا تاہم سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فتح برفت کراچی کے ٹریفک جام میں پھنس گئے انھوں نے اسکائپ پر انٹرویو دینے کی کوشش کی مگر تلاش کمیٹی اسکائپ پر انٹرویو نہیں لے سکی۔ انٹر بورڈ کے چیرمین ڈاکٹر سعید الدین اور سندھ یونیورسٹی کے پی وی سی ڈاکٹر صدیق کلہوڑو بھی انٹرویو میں نہیں آئے۔ تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی امور کا تجربہ رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹریبورڈز و جامعات علم الدین بلو نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں جن ؍17 امیدواروں کو انٹرویوز لیے بلایا گیا تھا ان میں جامعہ سندھ کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت، انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین، ڈاکٹر طیبہ ظریف، ڈاکٹر ابراہیم کیریو، ڈاکٹر حسین بخش مری، ڈاکٹرﷲ بخش گھونگرو، ڈاکٹر غلام سرور مرکھنڈ، ڈاکٹر صغیر احمد شیخ ،ڈاکٹر اسد ﷲ شاہ، ڈاکٹر عبدﷲ ، ڈاکٹر عنایت ﷲ شاہ، ڈاکٹر رزاق مہر، ڈاکٹر نبی بخش جمانی، ڈاکٹر پروین منشی، ڈاکٹر صدیق محمد کلہوڑو، ڈاکٹر حفیظ الرحمان میمن اور ڈاکٹر عنایت علی شاہ شامل ہیں۔ تلاش کمیٹی کے ذرائع کے مطابق تینوں امیدواروں کے ناموں کی سمری وزیر اعلی سندھ کو ارسال بھی کردی گئی ہے۔