مرحوم سرکاری ملازم کی جگہ کنٹریکٹ پر بھرتی بچوں کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن

January 23, 2021

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)پنجاب بھر میں مرحوم گورنمنٹ ملازم کی جگہ کنٹریکٹ پر بھرتی ان کے بچوں کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ۔ لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے تحت محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے صوبہ بھر میں سول سرونٹس رولز 1974 کے رول 17اے کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔ لاہور ہائی کورٹ نے15اکتوبر2020کو سول سرونٹس رولز1974کے رول 17اے کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو تاریخ بھرتی سے مستقل کرنے کا حکم دیا تھاجس پر21اکتوبر2020کو محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سمری منظوری کیلئے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوائی تھی۔معاملہ پنجاب کابینہ میں پیش ہوا تھا۔کابینہ نے17دسمبر2020کو سول سرونٹس رولز1974کے رول 17اے کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی تھی تاہم ساتھ ہی ہدایت کی تھی مستقل ہونے والوں سے30فیصد سوشل سیکورٹی بینیفٹس کی کٹوتی کی جائے۔کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے صوبہ بھر میں سول سرونٹس رولز1974کے رول 17اے کے تحت کنٹریکٹ پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ۔جس کی کاپی تمام صوبائی سیکرٹریز،کمشنرز ،رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ سمیت دیگر کو بھجوائی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی کنفیوژن ہو تو فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجوع کیا جائے۔واضح رہے کہ کسی گورنمنٹ ملازم کے دوران سروس انتقال پر اس کے بچے کو گریڈ ایک سے گریڈ گیارہ تک کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جاتا ہے۔پنجاب بھر میں ایسے بھرتی ملازمین کو اب مستقل کیا جائے گا اور ان کو تمام مستقل ملازم والی مرعات اس وقت سے ملیں گی جب سے وہ بھرتی ہوئے تھے۔