پاکستان شطرنج کے بادشاہ، شہزاد مرزا کا عہدِ زندگی تمام ہوا

February 02, 2021

پاکستان شطرنج کنگ شہزاد مرزا کی زندگی کا عہد بھی مکمل ہوگیا، پچھلے ہفتے امراض قلب کے باعث دار فانی سے کوچ کر گئے، وہ بلاشبہ پاکستان میں اس کھیل کے شہنشاہ تھے،ذہنی آزمائش کے کھیل شطرنج میں پاکستان نے کئی کھلاڑیوں کو جنم دیا، ان میں ایک نام شہزاد مرزا کا بھی ہے جو بلاشبہ پاکستان شطرنج کے سب بڑے اور کامیاب کھلاڑی تھے،وہ اس کھیل کے جتنے بڑے کھلاڑی تھے اس سے کہیں زیادہ بڑے اچھے انسان بھی تھے، ملنساری ان کے مزاج کا حصہ تھی، ہر ایک سے جس انداز میں ملتے تھے وہ ان کا خاصا تھا،کئی اعزازت جیتنے کے باوجود انہوں نے کبھی تکبر نہیں کیا، ملک کا ہر چھوٹے بڑے کھلاڑی کو اس کھیل کی تیکنک سکھاتے،اس کی خامیوں سے اسے آگاہ کرتے تھے۔

شہزادمرزا انٹرنیشنل شطرنج ماسٹر 24 جون 1952 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ 1993 سے 1998 تک سیکریٹری جنرل شطرنج فیڈریشن آف پاکستان رہے۔ ان کو پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل شطرنج ماسٹرہونے کا اعزازحاصل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نےفیڈے ماسٹر،فیڈے ٹرینر،فیڈے آربٹر کا اعزاز حاصل کیا،1988 میں شطرنج فیڈریشن نے شہزاد مرزا کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کیا اور اسی حوالے سے 1991 میں ورلڈشطرنج فیڈریشن(فیڈے) کے ماسکو میں منعقدہ قومی کوچز سیمینار کے لیے منتخب کیا۔

یہ سیمینار تین ہفتوں پر مشتمل تھا جس میں روس کے اسٹیٹ کوچز، گرینڈ ماسٹرز بلشمول ورلڈ چیمپین ویزیلے سئمسلوف اور مخائل بٹوینک نے بھی لیکچرز دیئے۔ شہزاد مرزا نے قومی اور انٹر نیشنل سطح پر کئی مقابلوں میں حصہ لیا۔

انہوں نے1976 نیشنل چیمپئن شپ راولپنڈی دوسری پوزیشن اپنے نام کی1976 المخالف شطرنج اولمپیاڈ لیبیا میں تیسری پوزیشن پر رہے1978 نیشنل چیمپئن شپ کراچی میں پانچویں نمبر پر رہے،انہوں نے 1980 میں پہلی بار قومی اعزاز جیتا،انہوں نے1997 قومی چیمپئن شپ دوسری بار جیتی،شہزاد مراز نے ایشین، ویسٹ ایشین زونل ایونٹ کے علاوہ اولمپیاڈ سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں ہونے والے انٹرنیشنل مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی،انہوں نے 1981فیڈے ماسٹر کا اعزاز حاصل کیا،طویل عرصے تک پی آئی اے سے وابستہ رہے، اس ادادے سےریٹا ئر منٹ کے بعد انہوں نے فرینڈ شپ ہاؤس میں اکیڈمی کا آغاز کیا جو آج تک جاری ہے۔

جہاں نئے اور نوجوان شاطروں کو گروم کیا جارہا ہے،شہزاد مرزا کے انتقال سے ان کے ہزاروں شاگرد افسردہ ہیں، انہوںنے مائنڈ اسپورٹس کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا،ان کے انتقال پر قومی چیمپین محمود لودھی، پاکستان شطرنج فیڈریشن کی سکریٹری سعدیہ قریشی اور دیگر نے تعزیت کا اظہار کیا ہے،فیڈریشن کو چاہئے کہ وہ ان کے نام کو زندہ رکھنے کے لئے ان سے موسوم قومی ایونٹ کا آغاز کرے۔شہزاد مرزا حقیقت مین پاکستان شطرنج کے مینٹور تھے۔( نصر اقبال)