بشریٰ انصاری، معین اختر اور انور مقصود کے کس شو میں بھینس آگئی تھی؟

February 01, 2021

فلم و ٹی وی انڈسٹر ی کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار معین اختر اور مشہورشخصیت انور مقصود کے ساتھ اپنے اُس شو کی تصویر شیئر کردی جس میں بھینس آگئی تھی۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر بشریٰ انصاری نے ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں اُن کے ہمراہ معین اختر اور انور مقصود بھی ہیں۔


مذکورہ تصویر میں ان تینوں لیجنڈری شخصیات کے ساتھ ایک بھینس بھی موجود ہے جس کی رسّی معین اختر ہاتھ میں تھامے کھڑے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ تصویر 35 سال پُرانی یعنی سال 1986ء کی ہے۔‘

سینئر اداکارہ نے کہا کہ ’ہم اس شو کے لیے خصوصی طور پر بھینس اپنے اسٹوڈیو لیکر آئے تھے۔‘

اُنہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے کہا کہ ’معین اختر اور انور مقصود کے ساتھ گُزرا ہوا وہ وقت کتنا حسین تھا۔‘

خیال رہے کہ لیجنڈ اداکار معین اختر کو فن کی اکیڈمی کہا جاتا تھا کیونکہ فلم ہو یا ٹی وی یا پھر اسٹیج ڈرامہ انہوں نے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا، معین اختر کے طنز ومزاح سے بھرپور جملوں نے تہذیب کا ایک نیا پہلو متعارف کروایا۔

معین اختر کے معروف ٹی وی ڈراموں میں روزی، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، آنگن ٹیڑھا، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، یس سر نو سر اورعید ٹرین شامل ہیں، ڈرامہ روزی میں ان کا کردار شاید کبھی نہ بھلایا جاسکے۔

معین اختر 22 اپریل سن 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔