ملائیشیا نے ایک ہزار سے زائد تارکین وطنوں کو ملک بدر کردیا

February 23, 2021

ملائیشیا نے عدالتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے میانمار کے ایک ہزار سے زائد تارکین وطنوں کو ملک بدر کردیا۔

ملائیشیا کی حکومت نے تارکین وطنوں کی ملک بدری کی وجہ نہیں بتائی، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ملک بدری کے فیصلے کو غیر انسانی اور تباہ کن قرار دے دیا۔

ملائیشیا نے میانمار کی فوج کی جانب سے بھیجے گئے تین بحری جہازوں کے ذریعے میانمار کے پناہ گزینوں کو واپس ان کے ملک روانہ کردیا جبکہ کوالالمپور کی عدالت نے پناہ گزینوں کی ملک بدری بدھ کی صبح تک روکنے کے احکامات دیئے ہوئے تھے۔

ملائیشین حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے تحت رجسٹرڈ کئے گئے تارکین وطنوں کو ملک سے نہیں نکالا۔

عالمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملک بدر کئے جانے والوں میں روہنگیا مسلمانوں کے علاوہ میانمار چھوڑ کر آنے والی دیگر اقلیتی گروپ کے افراد بھی شامل ہیں۔