راولپنڈی میں بسنت نائٹ‘ ہوائی فائرنگ ،32افرادگرفتار

February 26, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو بسنت نائٹ منائی گئی۔ شام ڈھلتے ہی مختلف علاقوں میں چھتوں پر پتنگ بازی شروع ہو گئی۔ کئی جگہوں پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی بھی کی گئی۔ رات گئے تک ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور بو کاٹا کی آوازیں آتی رہیں۔ اندرون شہر سمیت دیگر علاقوں میں پتنگ بازوں نے تمام تر پابندیوں کے باوجود اپنا شوق پورا کیا۔ راولپنڈی میں اڑھائی ہزار پولیس ملازمین 135پولیس ٹیمیں، 30ڈولفن سکواڈ، 35محافظ سکواڈ، 10ایلیٹ سیکشن متعین کئے گئے جبکہ 280چھتوں پر بھی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے بسنت نائٹ پر کریک ڈائون کرتے ہوئے راول ڈویژن سے 32ملزمان کو گرفتار کر کے پتنگیں اور کیمیکل ڈوریں برآمد کر لیں۔