سیکورٹی فورسزکی اہم کامیابی

February 28, 2021

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق 2007 سے اب تک 50 سے زائد سیکورٹی اہل کاروں کو سرحدی علاقوں میں سفاکانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے اور شہید کرنے کے واقعات میں براہ راست طور پر ملوث الیاس بابا نامی دہشت گرد جنوبی وزیرستان کے علاقہ شرمان گئی ترازی میں فوجی آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔ تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنےوالا یہ انتہائی مطلوب دہشت گرد بارودی سرنگیں بنانے کا ماہر اور ماسٹر ٹرینر تھا۔ گزشتہ چند ماہ سے خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں بارودی سرنگوں، ٹارگٹ کلنگ اور افغان سرحد سے جو حملے ہورہے تھے ، ان کی وجہ سے چند روز قبل غیر سرکاری تنظیم سے وابستہ چار خواتین کی شہادت سمیت دہشتگردی کے جملہ واقعات کے تناظر میں یہ سیکورٹی فورسز کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ 20سال جاری رہنے والی دہشت گردی کے خاتمے کے بعد بحیثیت مجموعی قبائلی علاقے جس طرح سماجی و معاشی ترقی کی طرف گامزن ہیں، اس کا قابل ذکر پہلو ان علاقوں کا خیبرپختونخوا میں انضمام ہے۔ آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب کے بعد بچے کچھے دہشت گرد جو منظر سے غائب ہوگئے تھے اندرونی و بیرونی ملک دشمنوں کے اشاروں پر پھر سے تخریبی کارروائیوں پر اُتر آئے ہیں تاہم سیکورٹی اور انٹیلی جنس ادارے ان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کی سرکوبی کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ متذکرہ کارروائی اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔ اس کامیابی کے بعد دہشت گردوں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن کے شہری چوکس رہیں اور متعلقہ حکام کی مدد کریں تاکہ اپنے درمیان موجود دہشت گردوں کو تنہا کرنے اور کیفرکردار تک پہنچانے میں مدد مل سکے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998