پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر نبیل گبول نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کراچی کے تاریخی علاقے لیاری پر مبنی ایک بڑی سیریز بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔
نبیل گبول کا کہنا تھا کہ نیٹ فلکس کی ایک پروڈکشن ٹیم نے مجھ سے رابطہ کیا ہے اور تین سیرنز پر مشتمل ایک سیریز کی تجویز دی گئی ہے، جس کا مقصد اصل لیاری کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مجوزہ سیریز میں لیاری کی تاریخ اور سماجی و سیاسی پس منظر کو اُجاگر کیا جائے گا، تاکہ غیر ملکی پروڈکشنز میں دکھائے گئے منفی تاثر کو ختم کیا جا سکے۔
نبیل گبول کے مطابق نیٹ فلکس کی ایک ٹیم اس منصوبے کے سلسلے میں مارچ میں پاکستان کے دورے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ فلکس سے وابستہ ایک ہدایت کار اور پروڈیوسر نے مشہور برازیلین اداکار ویگنر مورا کو سیریز میں کاسٹ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جو نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’نارکوس‘ میں منشیات کے بدنام کردار پابلو ایسکوبار کے روپ میں شہرت حاصل کر چکے ہیں۔
پی پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ لیاری کو بین الاقوامی سطح پر محض جرائم سے جوڑ کر دکھانا منفی پروپیگنڈا ہے، حالانکہ یہ علاقہ اپنی ثقافتی روایات، کھیلوں اور سیاسی شعور کے باعث منفرد شناخت رکھتا ہے۔