اسٹاک مارکیٹ، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی برقرار، 272 پوائنٹس کم

March 02, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج، سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی سے مندی کارحجان ،کے ایس ای 100انڈیکس میں 272 پوائنٹس کی کمی ،سرمایہ کاری مالیت 43ارب 57کروڑ 3لاکھ روپے گھٹ گئی۔70.54فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی ،کاروباری حجم بھی 23.24 فیصد کم رہا ،تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر ملکی سیاسی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط نظر آئے اور انہوں نے خرید وفروخت میں زیادہ دلچسپی نہیں لی جس کی وجہ سے کاروباری حجم بھی گز شتہ کاروباری سیشن کی نسبت 11کروڑ 15لاکھ 91ہزار شیئرز کی کمی سے 47کروڑ 99لاکھ 81ہزار شیئرز سے کم ہو کر 36کروڑ 83لاکھ 89ہزار شیئرز پر آگیا ، عدم دلچسپی کے باعث پہلے سیشن میں مندی چھائی رہی اور ایک موقع پر 100انڈیکس 45092پوائنٹس پر آگیا تاہم بعد ازاں مالیاتی اداروں کی خریداری سے ریکوری کے باعث 46ہزارکی حد بھی بحال ہو گئی تاہم اتار چڑھاؤ کے بعد اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 271.59پوائنٹس کی کمی سے 45593.43پوائنٹس پر آکر بند ہواجبکہ کے ایس ای 30انڈیکس بھی 117.19 پوائنٹس کی کمی سے 19055.89 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 166.90پوائنٹس کم ہو کر 31269.25پوائنٹس پر آگیا ، پیر کو مجموعی طور پر 421کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا۔ 111کے بھاؤ میں اضافہ ، 279کے بھاؤمیں کمی اور 13کے بھاؤمستحکم رہے۔ مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 43ارب 57کروڑ 3لاکھ 96ہزار روپے کی کمی سے 8163ارب 57کروڑ 76لاکھ 35ہزار روپے ہو گئی۔ کاروباری حجم کے لحاظ سے ایز گارڈ نائن ، ٹی آر جی ، یونٹی فوڈ ، ہم نیٹ ورک اور بائیکو پیٹرولیم سر فہرست رہے۔