ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی پر گرفت مضبوط، پھر صدارتی امیدوار بننے کا اشارہ

March 02, 2021

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا کی سیاسی اور جمہوری روایات سے انحراف کرتے ہوئے صدارت سے سبکدوشی اور دُوسری میعادِ صدارت کیلئےانتخابی شکست کے باوجود سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نہ صرف 2024ء کے صدارتی انتخابات میں ایک بار پھر اپنے صدارتی اُمیدوار ہونے کا واضح اشارہ دیدیا ہے بلکہ ری پبلکن پارٹی میں قیادت کے موجودہ بحران کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے پارٹی کی قیادت پر اپنی گرفت بھی مضبوط کر لی ہے۔صدارت سے سبکدوشی اور ایک ماہ سے زائد عام شہری کے طور پر خاموشی کے بعد انتہائی دائیں بازو کی تنظیم ’’کنزرویٹو پولیٹیکل ایکشن کانفرنس‘‘ کے سالانہ اجتماع میں اپنی پہلی عوامی تقریر میں سابق صدر ٹرمپ نے نہ صرف اپنے مستقبل کے عزائم اور اِرادوں کا اظہار کیا بلکہ اپنی ری پبلکن پارٹی کے اُن قائدین پر بھی سخت تنقید کی جنہوں نے صدرٹرمپ پر تنقید اور اُن کے خلاف تحریک مواخذہ میں مخالفانہ تقاریر کی تھیں بالخصوص سینیٹر مچ میکانل اور رُکن کانگریس ایلزبتھ چینی، ٹرمپ کی تقریر میں خاص نشانہ تھے۔ اس کانفرنس میں سابق نائب صدر مائیک پنس اور دیگر ری پبلکن لیڈروں کو بھی شرکت کا دعوت نامہ بھیجا گیا لیکن نائب صدر پنس، سینیٹر مچ میکانل، خاتون رکن کانگریس ایلزبتھ چینی اور متعدد ری پبلکن شریک نہیں ہوئے۔