شہداء اورلاپتہ افراد کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائیگا‘بی ایس او

March 02, 2021

کوئٹہ(پ ر)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی ڈپٹی آرگنائزر خالد بلوچ نے کہا ہے 2 مارچ کو بلوچ قومی کلچر ڈے منانے کا مقصد نیشنلزم کے بنیادی فلسفے کے تحت عوامی سطح پر شعور اجاگر کرکے قوم دوستی ،تاریخ اور تہذیب وتمدن کو آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہے۔ بی ایس او شہداء کی وارث تنظیم کی حیثیت سے نہ صرف قومی و انسانی مشکلات کے باوجود جہد مسلسل بلکہ بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے ہر سطح پر جدوجہد کا حصہ رہی ہے۔ قومی شعور کو اجاگر کرنا اور عوامی موبلائزیشن کے لئے موجودہ دور میں ثقافتی و دیگر پروگرامز کے ذریعے عوام کی شراکت داری سیاسی جدوجہد کے لئے ضروری امر کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچ طلباء نے قومی شناخت کو برقرار رکھنے اورجدوجہد کو تقویت پہنچانے کے لئے ہرسطح پر قربانیاں دیں۔بلوچ قومی ثقافت تاریخ تہذیب وتمدن شہداءکی قربانیوں کی بدولت ہے اس اہم موقع پر کبھی شہداء اورلاپتہ افراد کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ موجودہ نوآبادیاتی یلغار جسکے تحت حقیقی سیاسی و قومی عمل کو مضبوط کرنے کے لئے ہرسطح پر اتحاد و یکجہتی و قوم کو حقیقی معنوں میں متحد کرنے کی ضرورت ہے، 2 مارچ کا قومی ثقافتی دن بھی قومی کارکنوں کی جدوجہد کی وجہ سے اتحاد و یکجہتی و قوم دوستی کا علامتی دن بن چکا، بلوچ قوم اپنے ہر دن کو قومی شہداء کی فکر کے ساتھ منا کر شعوری طور پر منظم ہورہی ہے ۔آج 2 مارچ کوتمام زونز میںپروگرام منعقد ہونگے‘ مرکزی پروگرام جامعہ بلوچستان ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا ۔