ہیری اور ولیم کے رشتے میں مزید دراڑیں پڑ گئیں

March 02, 2021

برطانوی شاہی خاندان کے سپوت، پرنس ہیری اور مستقبل کے بادشاہ پرنس ولیم کے درمیان اوپرا انٹرویو کے بعد مزید دوریاں بڑھ گئی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پرنس ہیری کے معروف میزبان اوپرا ونفرے کو انٹرویو دینے کے بعد شاہی خاندان سمیت ہیری کے بڑے بھائی پرنس ولیم بھی اُن سے سخت نالاںنظر آ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل اور پرنس ہیری کے اوپرا انٹرویو کے مختصر سے ٹیزر کے ریلیز ہونے کے بعد سے برطانوی شاہی خاندان میں ایک ناراضی اور ہل چل کا سماں ہے جس پر متعدد حلقوں، میڈیا اور عوام کی جانب سے خوب تبصرے اور پیش گوئیاں کی جا رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کی جانب سے شاہی خاندان کے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اوپرا انٹرویو سے متعلق شاہی خاندان کی تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔

پرنس ہیری اور ولیم ایک دوسرے سے علیحدہ ہیں اور دونوں میں کافی عرصے سے بات چیت بھی نہیں ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں پرنس ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کا اوپرا انٹرویو میں دونوں بھائیوں کے رشتے سے متعلق بات کرنا حالات کو مزید اُلجھا سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیری کے شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد سے تا حال دونوں بھائیوں کے رشتے میں بہتری نہیں آ سکی ہے جبکہ دونوں بھائی اپنے رشتے کو بہتر بنانے کے خواہشمند نظر آتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا میں کہا گیا ہے کہ میگھن نے اوپرا کو تفصیلی انٹرویو کے دوران شاہی خاندان سے متعلق کیا بتایا ہے عام عوام کی طرح اس معلومات سے پرنس ولیم سمیت شاہی خاندان کے سب ہی افراد لا علم ہیں، شاہی خاندان کو اس انٹرویو کی تفصیل اُس وقت ہی معلوم ہوگی جب یہ نشر کیا جائے گا۔

دوسری جانب شاہی ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس بات کے امکانات بہت کم ہیں کہ شاہی خاندان یہ انٹرویو دیکھے گا۔