سائرہ یوسف کا ناقدین کو کرارا جواب

March 03, 2021

معروف اداکارہ اور ماڈل سائرہ یوسف نے اُن کی جِلد پر تنقید کرنے والے سوشل میڈیا صارفین کو کرارا جواب دے دیا۔

سائرہ یوسف نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ناقدین کے لیے خصوصی اسٹوری شیئر کی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنی نئی تصویر شیئر کی جس میں وہ میک اپ کے بغیر ہیں اور اس کے باوجود بھی اُن کا چہرہ خوبصورت اور نِکھرا ہوا لگ رہا ہے۔

سائرہ یوسف نے انسٹا اسٹوری کے کیپشن میں ناقدین کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اپنی جِلد بہت پسند ہے۔‘

اداکارہ نے ناقدین کو یہ بھی بتایا کہ یہ تصویر فلٹر اور میک اپ کے بغیر لی گئی ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا پر سائرہ یوسف کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں اُن کی جِلد کافی خراب نظر آرہی تھی۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارف نے سائرہ یوسف کو خراب جِلد کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

صارفین نے اداکارہ کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی جِلد بہت خراب ہوگئی ہے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اداکارہ کی عُمر ڈھل رہی ہے۔

دوسری جانب کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سائرہ یوسف کی حمایت میں تبصرے کرتے ہوئے ناقدین کو کھری کھری سُنائی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف نے شادی کے 8 برس بعد ایک دوسرے سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

شہروز سے راہیں جدا کرنے کے بعد سے سائرہ یوسف سوشل میڈیا پر کچھ زیادہ فعال نہیں رہتیں تاہم اُنہوں نے حال ہی میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے نئے گانے ’رات‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔