پریانکا چوپڑا نے بھارتیوں کو منفی سوچ رکھنے پر کھری کھری سنا دیں

March 03, 2021

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے بھارتیوں کی تیزی سے بڑھتی منفی سوچ پر مداحوں کو کھری کھری سنائی گئی ہیں۔

حال ہی میں پریانکا چوپڑا کی جانب سے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیا گیا ہے جس میں انہوں نےاپنے ہی ملک کے عوام میں بڑھتی نفرت اور منفی سوچ سے متعلق بات کی ہے۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو کے دوران پریانکا چوپڑا نے بھارتی مداحوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اُنہیں بہت سے لوگوں کی جانب سے تحفظ کا احساس ہوتا ہے جبکہ بہت سارے لوگوں کے سرد لہجے بھی وہ محسوس کرتی ہیں، بہت سارے لوگ ان کے لیے منفی سوچ رکھتے ہیں جو کہ وہ محسوس کر سکتی ہیں، اُنہیں بہت لمبے عرصے سے جاننے والے لوگ بھی اُن پر بلا وجہ تنقید کرتے ہیں۔‘

پریانکا چوپڑا کا مزید کہنا تھا کہ ’ہالی ووڈ انڈسٹری میں پہلے ہی بہت کم بھارتی فنکار کام کر رہے ہیں جنہیں انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے، ہم نے یہ مقام اپنی محنت اور کوشش سے حاصل کیا ہے اور دوسروں کے لیے بھی مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تو پھر بھی ہمارے لیے اتنی منفی سوچ کیوں رکھی جاتی ہے۔‘

انہوں نے بھارتی عوام سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے خود پر ہونے والی تنقید سے متعلق مزید کہا کہ ’جب آپ کچھ بولتے ہیں تو آپ کے بیان پر خوب تبصرہ کیا جاتا ہے اور یہ ایک ہاٹ ٹاپک بن جاتا ہے۔‘