حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، مذاکراتی عمل میں اتار چڑھاؤ کے کئی مواقع خوشگوار ماحول میں بدلتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے دوران بعض مواقع پر صورتحال کو خراب ہونے سے بچایا جاتا رہا، مذاکراتی عمل میں بعض نکات پر دونوں فریقوں کے درمیان اختلافِ رائے سامنے آیا، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کشیدہ صورتحال میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں فریقوں کو مذاکراتی میز پر برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کیا، ایاز صادق کی مداخلت سے مذاکراتی عمل میں تعطل کا امکان ٹل گیا، دونوں فریقوں میں سے کسی کو بھی مذاکرات سے واک آؤٹ نہیں کرنے دیا گیا، انہوں نے فریقین کے تحفظات سنے، بات چیت جاری رکھنے پر آمادہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران اختلافی نکات پر فریقین کے مؤقف میں سختی بھی سامنے آئی، بات چیت میں بعض مواقع پر ماحول میں تناؤ بڑھا تاہم مذاکرات کا عمل جاری رہا۔
اسپیکر کی کوششوں سے فریقین نے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی رابطہ برقرار رکھنے میں اسپیکر کا کردار اہم رہا، مذاکراتی عمل میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے ختم کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فریقین نے واک آؤٹ کے بجائے مذاکراتی میز پر رہنے کو ترجیح دی، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کمیٹیوں کی صورت میں مستقبل میں بھی جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔