عمران خان کے غلط امیدواروں کے انتخاب سے ہمیں فائدہ پہنچا، مراد علی شاہ

March 04, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے غلط امیدواروں کے انتخاب کرنے کا ہمیں فائدہ پہنچا ہے، ویڈیو سے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا گیا، ورنہ ہمیں مزید زیادہ ووٹ ملتے، سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اب مجھے لگتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہئے، کیوں کہ انھوں نے دیگر صوبوں سے بھی اکثریت کھو دی ہے، لیکن لگتا ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ انھوں نے ویڈیو سے لوگوں کو ڈرایا دھمکایا ہے اور حراساں کیا ہے جس کے باعث دو تین ووٹ زیادہ پڑگئے بصورت دیگر یہ ہماری طرف آجاتے تو کلین سوئیپ ہوسکتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ انکی نااہلی ہے اور انکے اپنے لوگ بھی پسند نہیں کرتے تھے، میں کچھ نہیں بولتا لیکن خود جائزہ لیں تو ایک جماعت کے 30 ووٹ تھے کس کو کتنے ووٹ ملے آپ سب نے دیکھا جس سے نااہلی کا پتہ چلتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نے غلط امیدواروں کے انتخاب کرنے کا ہمیں فائدہ پہنچا ہے۔