ملالہ نے حال ہی میں کونسی بھارتی فلم دیکھی؟

March 05, 2021

کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے مداحوں کو اُس بھارتی فلم کے بارے میں بتادیا جو اُنہوں نے حال ہی میں دیکھی ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری میں ملالہ یوسف زئی نے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا جس میں صارفین نے ملالہ سے اُن کی پسندیدہ فلموں کے بارے میں پوچھا۔

صارفین کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ملالہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں کچھ فلموں کے پوسٹرز شیئر کیے جن میں بالی ووڈ اور دو اینیمیٹڈ فلمیں شامل تھیں۔

انسٹا اسٹوری میں شیئر کیے گئے پوسٹرز بالی ووڈ اسٹار پریانکا چوپڑا کی فلم ’دی وائٹ ٹائیگر‘ اور اینیمیٹڈ فلمیں ’واک واکرز‘ اور ’سول‘ کے تھے۔

ملالہ نے بتایا کہ اُنہوں نے حال ہی میں یہ تمام فلمیں دیکھی ہیں۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہوئیں۔

9 اکتوبر 2012ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھاجس میں وہ شدید زخمی ہوئیں، انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔

12 جولائی 2013ء کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔

انہیں 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا تھاجبکہ ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔