بلوچ متحدہ محاذ کے سربراہ کا لیاری میں جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ دینے پر اظہار تشویش

March 06, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) سینئر سیاستدان اور بلوچ متحدہ محاذ کے سربراہ یوسف مستی خان نے اپنے ایک بیان میں لیاری سمیت کراچی کے بلوچ علاقوں میں مسلح جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ دینے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ یوسف مستی خان نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی موجودگی کے باوجود گزشتہ کئی دنوں سے لیاری میں مسلح جرائم پیشہ افراد کا ایک گروہ کھلے عام لوٹ مار کر رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے یہی صورتحال ملیر، گولیمار، جہانگیر روڈ اور دیگر بلوچ علاقوں میں پائی جاتی ہے، ایک منظم سازش کے تحت منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کو کراچی کے بلوچ علاقوں میں فری اینڈ دیا جارہا ہے تاکہ ان علاقوں میں گینگ وار دوبارہ سر اٹھا سکے ، مستی خان کا کہنا تھا کہ بلوچ متحدہ محاذ اب کراچی کے بلوچوں کی قومی آواز ہے مافیاز کیخلاف تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے۔