پیپلز پارٹی بڑا اپ سیٹ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے، چوہدری عبدالمجید

March 07, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) پاکستان پیپلز پارٹی اسکاٹ لینڈ کے چیئرمین چوہدری عبدالمجید نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وفاقی دارالحکومت سے سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی پر ان کو مبارکباد دی ہے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا ہےکہ یہ ایک بڑا اپ سیٹ ہے جو اس بات کی نشانی ہے کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی ایک بہت بڑی سیاسی قوت تھی اور اب بھی ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی مزید قوت کے ساتھ سامنے آئے گی۔یہ پارٹی سیاست میں ہروقت ایک بڑا اپ سیٹ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ڈھائی سال کی بدترین کارکردگی عوام کے سامنے ہے، جب بھی ملک میں عام انتخابات ہوں گے تو تحریک انصاف کو تاریخی شکست ہوگی اور پیپلز پارٹی مرکز اور تمام صوبوں میں حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہی ایک پارٹی ہے جو پاکستان اور اس کے غریب عوام، کسانوں، مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ سینیٹ کا موجودہ الیکشن ایک بیرو میٹر اور ریفرنڈم کی بھی حیثیت رکھتا تھا، تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک انصاف کی شکست کے بعد حکومت کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔