اسپیکر کا پارلیمنٹ لاجز کے باہر پیش آئے واقعےکا نوٹس

March 07, 2021


اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گزشتہ روز پارلیمنٹ لاجز کے باہر پیش آنے والے واقعےکا نوٹس لے لیا اور کہا کہ اراکین پارلیمنٹ منتخب عوامی نمائندے ہیں ان کی عزت سب پر لازم ہے، واقعےکی مکمل انکوائری کروائی جائے گی۔

گزشتہ روز پارلیمان کے سامنے ناخوشگوار واقعے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں، سیاست میں شائستگی، تحمل، برداشت اور رواداری کا کلچر اپنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ منتخب عوامی نمائندے ہیں ان کی عزت سب پر لازم ہے، ہمیں سیاست میں برداشت، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اسد قیصر نے کہا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کروائی جائے گی، اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لیے سیاسی قیادت کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔