میگھن نےکیٹ کو رُلایا، برطانوی صحافی دعوے پر قائم

March 12, 2021

اوپرا انٹرویو میں دی ڈچز آف کیمبرج، شاہی بہو کیٹ مڈلٹن پر رُلانے کے الزامات لگانے والی میگھن مارکل کے بیان کی تردید کرتے ہوئے اپنے دعوے پر قائم ہیں، برطانوی صحافی کا کہنا ہے کہ میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن کو رونے پر مجبور کر دیا تھا۔

حال ہی میں معروف میزبان اوپرا ونفرے انٹرویو کے دوران تہلکہ خیز انکشافات کرنے والی امریکی اداکارہ، ڈچز آف سسیکس میگھن مارکل نے کیٹ مڈلٹن پر الزام لگایا تھا کہ ’ماضی میں کیٹ مڈلٹن نے اُنہیں رُلایا تھا اور اُن کے ساتھ نسل پرستی اور تعصبانہ رویہ اختیار کیا تھا۔‘

دوسری جانب 2018 ء میں اپنی رپورٹ میں دونوں شاہی خاندان کی بہوؤں کے درمیان تناؤ کو منظر عام پر لانے والی صحافی کا برطانوی میڈیا کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا گیا ہے کہ وہ آج تک اپنی اس خبر پر قائم ہیں۔

برطانوی صحافی کیملا ٹومینی نے کہا ہے کہ ’میگھن مارکل کی جانب سے اپنی شادی کے دوران کیٹ مڈلٹن کو رُلایا گیا تھا۔‘

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کی تبصرہ نگار اور صحافی کیملا ٹومینی کی جانب سے میگھن مارکل کے انٹرویو کے رد عمل میں دیئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’2018 میں جب انہوں نے شاہی بہوؤں میں اَن بَن کی خبر شائع کی تھی، اس خبر کے ذرائع شاہی خاندان اور پیلس کے قریبی افراد تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’2018 میں وہ بھی اس خبر کے سننے کے بعد تذبذب کا شکار تھیں کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے مگر اُن کے ذرائع بہت مستند تھے اسی بنیاد پر انہوں نے شاہی بہوؤں میں جاری سرد جنگ کی خبر کو شائع کیا تھا۔‘