برطانوی شاہی خاندان کی چھوٹی بہو میگھن مرکل نے آرچی کی پیدائش کے بعد پہلی بار عوامی تفریحی مقام پر شاہی خاندان کی بڑی بہو کیٹ مڈلٹن اور اُن کے بچوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مرکل نے اپنے 2 ماہ کے بیٹے آرچی کے ساتھ جبکہ شاہی خاندان کی بڑی جوڑی ڈیوک اور ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن اور ولیم نے اپنے 3 بچوں سمیت ایک تفریحی مقام بلنگ بیئر پولو کلب کی سیرو تفریح کی، اس دوران ولیم اور ہیری نے ایک دوسرے کے مدِ مقابل پولو کلب میں میچ بھی کھیلا جس کے نتیجے میں ہیری اپنے بڑے بھائی ولیم سے جیت گئے۔
دوسری طرف شاہی خاندان کی بہوئیں ایک دوسرے سے کافی کھنچی کھنچی نظر آئیں، میگھن نے اپنا سارا وقت اپنے 2 ماہ کے بیٹے آرچی کو اُٹھائے اِدھر اُدھر گھومتے گزارا جبکہ کیٹ بھی اپنے بچوں کے ساتھ مصروف نظر آئیں، البتہ دونوں نے ایک دوسرے سے کوئی بات نہیں کی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 37 سالہ میگھن پر گزشتہ مئی میں 37 سالہ کیٹ کو اپنی شادی پر رلانے کا الزام سامنے آیا تھا اور چند ہی گھنٹوں بعد شاہی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق امریکی اداکارہ میگھن نے دونوں بھائیوں یعنی 35 سالہ شہزادہ ہیری اور 37 سالہ شہزادہ ولیم کے تعلقات خراب کرنے کی بھی کوشش کی ہے۔
واضح رہے کہ میڈیا میں برطانوی شہزادیوں دیورانی میگھن مارکل اور ان کی جٹھانی کیٹ مڈلٹن کے درمیان کافی عرصے سے کشیدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں جبکہ شاہی خاندان نے ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس اور کیمبرج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے متعلق تردید سے انکار کر دیا تھا۔
دوسری جانب کیٹ مڈلٹن نے وضاحت کی تھی کہ ان کے اور میگھن کے درمیان کسی قسم کی کوئی چپقلش نہیں ہے۔