دنانیر کا اپنی 13 لاکھ انسٹا فیملی کیلئے خصوصی پیغام

March 13, 2021

تین جملوں پر مبنی اپنی منفرد ویڈیو سے پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار بھی مقبول ہونے والیسوشل میڈیا انفلوئنسر دنانیر مبین نے اپنے 13 لاکھ انسٹاگرام فالوورز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

دنانیر مبین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ملین یعنی دس لاکھ فالوورز مکمل ہونے کی خوشی میں کراچی کے ساحل پر اپنی بہن اور دوستوں کے ہمراہ جشن منایا تھا۔

پاوری گرل نے وہ ویڈیو انسٹاگرام پر 13 لاکھ فالوورز ہونے کے موقع پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دنانیر اپنے دوستوں کے ساتھ کراچی کے ساحل پر خوب لطف اندوز ہورہی ہیں۔

ایک منٹ 25 سیکنڈز کی ویڈیو کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے دنانیر نے لکھا کہ ’یہ پوسٹ میری انسٹا فیملی کے لیے ہیں، میرے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کے لیے الفاظ ختم ہوگئے ہیں۔‘

دنانیر نے لکھا کہ ’مجھے سپورٹ کرنے اور ڈھیر سارا پیار دینے کے لیے آپ سب کا شکریہ کیونکہ آپ کے بغیر یہ سب ممکن نہیں تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ کچھ دن پہلے تک میرے انسٹا فالوورز کی تعداد بہت کم تھی اور اب میرے فالوورز 13 لاکھ ہیں اور میں یہ دیکھ کر بہت زیادہ خوش ہوں۔‘

دنانیر نے لکھا کہ ’گزشتہ ماہ نے میری منزل مقصود تک پہنچنے کے میرے یقین کو مستحکم کیا۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’مجھے اسی طرح سپورٹ کرتے رہیں اور اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔‘

دنانیر مبین مقبول کیسے ہوئیں؟

گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔