• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اسد عمر کہتے ہیں کہ پاوری گرل دنانیر مبین کا مستقبل سیاست میں ہے۔

گزشتہ روز اسد عمر اور دنانیر مبین نے جیو نیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں بطورِ مہمان شرکت کی۔

پروگرام کے دوران میزبان شہزاد اقبال نے دنانیر سے پوچھا کہ ’آپ کو کرکٹ کا شوق ہے اور خاص کر پی ایس ایل میں کتنی دلچسپی ہے؟‘

شہزاد اقبال کے اس سوال پر دنانیر نے کہا کہ ’مجھے کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق ہے اور میں بچپن سے ہی اپنے کزنز کے ساتھ کرکٹ کھیلتی آرہی ہوں۔‘

دنانیر نے کہا کہ ’میں ہمیشہ بیٹنگ کرتی ہوں کیونکہ مجھے بولنگ سے زیادہ بیٹنگ کرنا پسند ہے۔‘

میزبان نے دنانیر سے پوچھا کہ ’جب آپ آؤٹ ہوجاتی ہیں تو بلّا لیکر بھاگ جاتی ہیں یا پھر اپنی ہار تسلیم کرلیتی ہیں؟‘

شہزاد اقبال کے اس سوال کے جواب میں دنانیر نے کہا کہ ’میں کبھی اپنی ہار تسلیم نہیں کرتی۔‘

دنانیر کا جواب سُننے کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ’دنانیر کا مستقبل سیاست میں ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سینکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔

دیکھتے ہی دیکھتے دنانیر کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور نامور ٹی وی چینلز پر دنانیر کو انٹرویو کے لیے خصوصی طور پر مدعو بھی کیا گیا۔

تازہ ترین