ٹک ٹاک بند کرنے کے حق میں نہیں، امین الحق

March 15, 2021

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہوزارت ٹک ٹاک سمیت ایسی ایپ کو بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔

امین الحق نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہسینیٹ الیکشن میں حکومت نے اتحادیوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ دوسری پارٹی کے لوگ بکے لیکن ہمارے نہیں۔ ایم کیو ایم لینے والا نہیں دینے والا ہاتھ ہے۔

امین الحق نے مزید کہا کہ پی ٹی اے ان معاملات کو دیکھ رہی ہے جبکہ انٹرنیٹ پر فراڈ کو ایف آئی اے دیکھ رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پشاور ہائیکورٹ نے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک بند کرنے کا حکم دیا تھا، دوران سماعت چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں وہ ہمارے معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا تھا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے لہٰذا اس کو فوری طور پر بند کیا جائے۔